A concise social media guide for Class 4 students to learn about the three organs of government: Legislature, Executive, and Judiciary, including federal and provincial structures in Pakistan.
حکومت کے اعضا (عناصر)
(Organs of Government)
حاصلاتِ تعلم (Students' Learning Outcomes)
اس باب کی تکمیل کے بعد طلبہ اس قابل ہو جائیں گے کہ:
- حکومت کے اعضا مقننہ (Legislature)، انتظامیہ (Executive) اور عدلیہ (Judiciary) کے بارے میں بیان کر سکیں۔
- اصولوں (Principles) اور قوانین (Laws) کے مابین فرق کر سکیں نیز بیان کر سکیں کس طرح اصول اور قوانین ملک میں سازگار سیاسی ماحول پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
- جمہوریت (Democracy) کے تصور کو بطور مقبول ترین نظامِ حکومت بیان کر سکیں۔
- راہنما (Leader) کی تعریف کر سکیں اور اس کی خوبیاں بتا سکیں۔
- عام انتخابات (General Elections) کی تعریف کر سکیں۔
- سیاسی جماعتوں کا ڈھانچہ اور افعال بیان کر سکیں نیز یہ کس طرح اپنے منشور کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات میں حصہ لیتی ہیں۔
سوچیں اور جواب دیں! (Think and Answer)
کسی بھی ملک یا ریاست کے لیے حکومت کیوں ضروری ہوتی ہے؟
حکومت اپنے شہریوں کو کون کون سی بنیادی سہولتیں فراہم کرتی ہے؟ فہرست بنائیں۔
i. ii. iii.
عوام کی فلاح و بہبود، جان و مال کی حفاظت، انصاف کی فراہمی اور خطے کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے حکومت قائم کی جاتی ہے۔ ہر ملک میں حکومت بنانے کے الگ الگ طریقے ہیں۔ ہمارے ملک پاکستان میں بھی حکومت بنانے کا باقاعدہ طریقہ موجود ہے۔
وفاقی اور صوبائی حکومت (Federal and Provincial Government)
اگر کسی ملک کا رقبہ زیادہ ہو، لوگوں کی زبان، وسائل، پیداوار اور رہن سہن مختلف ہوں، تو وہاں ایک حکومت بہتر نظم و نسق نہیں چلا سکتی۔ ایسے حالات میں ایک مرکزی اور کئی صوبائی حکومتیں بنانا پڑتی ہیں۔ اسی طرح کی حکومت کو وفاقی حکومت (Federal Government) کہتے ہیں۔ پاکستان میں وفاقی و پارلیمانی طرزِ حکومت رائج ہے۔ یہاں ایک مرکزی اور چار صوبائی حکومتیں ہیں۔ 1973ء کے آئین کے تحت مرکز اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اختیارات تقسیم کر دیے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت کے اعضا (Organs of Federal Government)
حکومت تین اعضا (عناصر) پر مشتمل ہوتی ہے۔ یہ اعضا مقننہ (Legislature)، انتظامیہ (Executive) اور عدلیہ (Judiciary) کہلاتے ہیں۔ آئیں! ہم ان تینوں عناصر کے بارے میں تفصیل سے جانتے ہیں:
حکومت (Government)
| مقننہ (Legislature) | انتظامیہ (Executive) | عدلیہ (Judiciary) |
|---|---|---|
| قانون بنانے والا ادارہ | ملک کا انتظام چلانے والا ادارہ | لوگوں کو انصاف فراہم کرنے والا ادارہ |
(وفاقی حکومت کا ڈھانچا Structure of Federal Government)
مقننہ (Legislature)
- صدر (President)
- سینیٹ (Senate)
- قومی اسمبلی (National Assembly)
انتظامیہ (Executive)
- وزیراعظم (Prime Minister)
- وفاقی کابینہ (Federal Cabinet)
- ماتحت ادارے (Subordinate Departments)
عدلیہ (Judiciary)
- سپریم کورٹ (Supreme Court)
- اسلام آباد ہائی کورٹ (Islamabad High Court)
- ماتحت عدالتیں (Subordinate Courts)
وفاقی مقننہ (Legislature)
وفاقی مقننہ ایک ایسا ادارہ ہے جو قانون بنانے کا اختیار رکھتا ہے۔ یہ ادارہ حکومتی معاملات پر کڑی نظر رکھتا ہے۔ مقننہ ایوانِ بالا، سینیٹ (Senate)، ایوانِ زیریں، قومی اسمبلی (National Assembly) اور صدرِ پاکستان (President of Pakistan) پر مشتمل ہے۔
صدرِ پاکستان (President of Pakistan)
صدرِ پاکستان ریاست کا سربراہ (Head of State) ہوتا ہے۔ یہ ریاست کا ایک اعلیٰ ترین عہدہ ہے۔ صدر کے عہدے کے لیے امیدوار کا مسلمان ہونا لازمی ہے۔ عمر کم از کم پنتالیس (45) سال ہونی چاہیے۔ پاکستان میں سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان صدر کا انتخاب کرتے ہیں۔ صدر کے عہدے کی مدت پانچ سال ہوتی ہے۔ 1973ء کے آئین کے تحت وفاقی حکومت کے تمام اختیارات کا استعمال صدرِ پاکستان کے نام پر ہوتا ہے۔
قانون سازی کا طریقہ (Procedure of Legislation)
جب بھی کوئی نیا قانون بنانے کی ضرورت پیش آئے یا کسی موجود قانون کو بدلنا ہو تو متعلقہ ممبران کے ذریعے سے عموماً ایوانِ زیریں یعنی قومی اسمبلی میں ایک بل (مسودہ) پیش کیا جاتا ہے۔ جس پر تفصیلی بات چیت اور بحث ہوتی ہے۔ ایوانِ زیریں کے ارکان سے منظوری کے بعد اسے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ میں بھیجا جاتا ہے تا کہ اس پر دوبارہ غور کیا جا سکے۔ دونوں ایوانوں کے ارکان جب اس بل کو منظور کر لیتے ہیں تو صدر کے پاس بھیجا جاتا ہے۔ صدر کی منظوری کے بعد یہ بل قانون کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
وفاقی انتظامیہ (Federal Executive)
مقننہ کے بنائے ہوئے قوانین کا نفاذ انتظامیہ (Executive) کرتی ہے۔ وفاقی انتظامیہ وزیراعظم اور کابینہ پر مشتمل ہوتی ہے۔ وزیراعظم وفاقی حکومت کا سربراہ ہوتا ہے جو ملک کے معاملات سنبھالتی ہے، جیسے دفاع، امورِ خارجہ، ذرائع نقل و حمل اور مواصلات کے امور وغیرہ۔
کیا آپ مزید جاننا چاہتے ہیں؟ (Do you want to know more?)
- وزیراعظم وفاقی حکومت کا سربراہ ہوتا ہے۔
- پاکستان کے پہلے وزیراعظم نوابزادہ لیاقت علی خان تھے۔
وفاقی عدلیہ (Federal Judiciary)
وفاقی عدلیہ قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے کام کرتی ہے۔ یہ لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے انھیں انصاف فراہم کرتی ہے۔ قانون کو توڑنے والوں اور ان کی خلاف ورزی کرنے والوں کو عدلیہ سزا دینے کا اختیار رکھتی ہے۔ عدالتیں مقدمات کی سماعت اور قوانین کی تشریح کرتی ہے۔
پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ آف پاکستان (Supreme Court of Pakistan) ہے، جو اسلام آباد میں واقع ہے، اس کا سربراہ چیف جسٹس آف پاکستان (Chief Justice of Pakistan) کہلاتا ہے۔ ملک کی تمام عدالتیں سپریم کورٹ کے ماتحت کام کرتی ہیں۔
صوبائی حکومت (Provincial Government)
ہمیں زندگی میں ہر روز بے شمار کام کرنے پڑتے ہیں۔ ان تمام کاموں کو کوئی ایک شخص اکیلا سر انجام نہیں دے سکتا، اس لیے ہم تمام کام درست طریقے سے کرنے کے لیے آپس میں بانٹ لیتے ہیں۔ اس کو نظم و نسق کہتے ہیں۔
گھر کے انتظام میں امی اور ابو دونوں مل کر کام کرتے ہیں۔ امی گھر کی دیکھ بھال کرتی ہیں اور ابو باہر کے کام اور مالی وسائل کا انتظام کرتے ہیں جس سے گھر کے اخراجات پورے ہوتے ہیں۔ سکول میں اساتذہ پڑھاتے ہیں۔ لائبریرین لائبریری میں کتب وغیرہ کا خیال رکھتے ہیں۔ سکول میں کھیلوں کا انتظام کھیلوں کے استاد کے ذمے ہوتا ہے اور صفائی وغیرہ کے لیے صفائی کا عملہ موجود ہوتا ہے۔ سکول میں ان تمام کاموں کی نگرانی ہیڈ ماسٹر / پرنسپل صاحب کرتے ہیں۔ ہمارے گھر محلوں میں ہوتے ہیں۔ کئی محلے مل کر دیہات یا شہر بناتے ہیں۔ شہروں اور دیہاتوں کو ملا کر تحصیل بنتی ہے۔ پھر کچھ تحصیلیں مل کر ضلع اور ضلعے مل کر صوبہ بن جاتا ہے۔ ہمیں بہتر معاشرتی زندگی کے لیے بہت سی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان میں امن و امان، خوراک، تعلیم، علاج، رہائش وغیرہ شامل ہیں۔ حکومت ہماری ان سب ضرورتوں کا خیال رکھتی ہے اور ایسا انتظام کرنے کی کوشش کرتی ہے کہ گھر سے لے کر ضلع تک اور پھر پورے صوبے اور ملک میں کسی چیز کی کمی نہ ہو۔ اس کے لیے مختلف محکمے بنائے گئے ہیں۔
امن و امان قائم کرنے اور لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے محکمہ پولیس، زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے محکمہ زراعت، علاج کے لیے محکمہ صحت، تعلیم کے لیے محکمہ تعلیم، کارخانوں اور صنعتی پیداوار کے لیے محکمہ صنعت و حرفت اور قانون و انصاف کے لیے محکمہ قانون قائم ہے۔ یہ سب محکمے محلوں سے لے کر تحصیلوں، شہروں، اضلاع اور صوبے کی سطح تک کام کرتے ہیں اور فوری طور پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ تمام امور صوبائی حکومت سر انجام دیتی ہے، جب کہ مرکزی حکومت ملکی سطح پر پالیسیاں بناتی ہے اور بین الاقوامی تعلقات قائم کرتی ہے۔ صوبے کا آئینی سربراہ گورنر جب کہ انتظامی سربراہ وزیراعلیٰ کہلاتا ہے۔ ہر محکمے کا سربراہ سیکرٹری کہلاتا ہے۔ سیکرٹری ایک وزیر کی نگرانی میں کام کرتا ہے۔
Comments
Post a Comment