The Innocent Little Elephant - Class 4 Urdu Lesson 5 Summary - Lesson No: سبق نمبر 5 | Class: 4 | Subject: اردو
سبق نمبر ۵ · ننھا ہاتھی
💭 آپ کس قسم کی کہانیاں پڑھنا پسند کرتے ہیں؟
💭 کیا آپ نے کوئی مزاحیہ کہانی پڑھی یا سنی ہے؟
Explore the heartwarming story of "Nanha Hathi" (The Little Elephant) from Class 4 Urdu. Learn about the elephant's journey to find his missing tusks and the wisdom shared by his mother. Content by Excellence Online Learning School (EOLS).
افریقہ کے ایک جنگل میں ایک ننھا ہاتھی اپنے ماں باپ کے ساتھ رہتا تھا۔ وہ سارا دن درختوں کے پتے چباتا، گھومتا پھرتا تھا۔ شام کو کسی تالاب یا ندی نالے سے پانی پی کر اپنی پیاس بجھا لیتا تھا۔ ایک شام اس کے ماں باپ اسے دریا پر لے گئے۔ دریا کے بارے میں اس نے اپنے بڑوں سے بہت کچھ سُن رکھا تھا لیکن کبھی جانے کا موقع نہیں ملا تھا۔ آج پہلی دفعہ دریا کی طرف جاتے ہوئے وہ بہت خوش تھا۔ وہ راستے میں اُچھلتا کودتا اور اٹکھیلیاں کرتا جا رہا تھا۔ وہ جب دریا پر پہنچا تو اُس نے عجیب منظر دیکھا۔ ہاتھی دریا میں نہا رہے تھے۔ سونڈ میں پانی بھر بھر کر ایک دوسرے پر پھینک رہے تھے۔ ننھا ہاتھی پہلے دریا کے کنارے کھڑے ہو کر حیرت سے اس منظر کو دیکھتا رہا۔ دوسرے ہاتھیوں نے اسے خوش آمدید کہا اور اپنے ساتھ شامل ہونے کی دعوت دی۔ ننھا ہاتھی آہستہ آہستہ کم پانی والی جگہ پر دریا میں اُترا اور باقی ہاتھیوں کے ساتھ کھیلنے لگا۔ تھوڑی ہی دیر میں وہ ان کے ساتھ گھل مل گیا۔ وہ بھی اپنی سونڈ میں پانی بھر کر ان ہاتھیوں پر پھینکتا، وہ ہاتھی اس پر پھینکتے۔ ننھے ہاتھی کو اس بات سے بڑا اعتماد ملا۔
جب سورج غروب ہونے لگا تو ہاتھی دریا کے کنارے جمع ہو کر اس خوب صورت منظر کو دیکھنے لگے۔ ننھے ہاتھی نے بھی سورج کو دیکھا لیکن تیز روشنی کی وجہ سے اُس کی آنکھیں چُندھیا گئیں۔ اس لیے اس نے ہاتھیوں کی طرف دیکھنا شروع کر دیا۔ وہ سوچنے لگا: ”میں بھی تو بڑے ہاتھیوں جیسا ہوں۔ کیا ہوا اگر میں عمر میں ان سے چھوٹا ہوں۔ ان کی سونڈ لمبی ہے تو میری بھی ہے۔ ان کی طرح میرے بھی دو بڑے بڑے کان ہیں۔ ان کے دو لمبے لمبے نوکیلے دانت ہیں تو میرے۔۔۔ مگر میرے دانت کہاں ہیں؟ اف اللہ! میرے دانت!“ وہ ایک دم پریشان ہو گیا۔
پہلے تو اس نے کبھی اس بارے میں سوچا ہی نہ تھا۔ اب وہ رونے لگا۔ اسے طرح طرح کے خیالات آنے لگے: ”شاید میرے دانت کہیں گر گئے ہیں اور مجھے پتا ہی نہ چلا ہو۔“ ایک خیال یہ تھا کہ اسے اپنی ماں کو صاف صاف بتا دینا چاہیے کہ اس کے دانت کہیں گر گئے ہیں۔ پھر اُسے خیال آیا کہ ماں تو اسے جھڑکے گی کہ اس نے اپنے دانتوں کا خیال کیوں نہ رکھا اور دانت کہاں گم کر دیے؟ اس لیے اس نے فیصلہ کیا کہ کچھ بھی ہو جائے، میں اپنے دانت خود ہی ڈھونڈ کے لاؤں گا۔ یہ سوچ کر ننھا ہاتھی اپنے دانتوں کی تلاش میں واپس جنگل کی طرف چل پڑا۔ اس نے درختوں، جھاڑیوں اور پودوں میں جگہ جگہ اپنے دانت تلاش کیے مگر دانت کہیں نہیں ملے۔ اس کی نظر درخت پر بیٹھے ایک بندر پر پڑی۔ اس نے پہلے سلام کیا، پھر کہنے لگا: ”بندر چچا! میرے دانت کہیں گم ہو گئے ہیں۔ آپ نے تو کہیں نہیں دیکھے؟ دو لمبے نوکیلے دانت۔“ ”نہیں۔ ننھے میاں! میں نے تمھارے دانت کہیں نہیں دیکھے۔“ اتنا کہہ کر بندر نے چھلانگ لگائی اور ایک اور شاخ پر چڑھ گیا۔
ننھا ہاتھی آگے چل پڑا۔ آگے جا کر اُسے زرافہ ملا۔ اس نے زرافے کو سلام کیا اور پوچھا: ”تایا زرافہ! آپ نے میرے دو لمبے نوکیلے دانت تو نہیں دیکھے؟ مجھ سے گم ہو گئے ہیں۔“ زرافے نے گردن کو بلند کر کے وہی جواب دیا جو بندر نے دیا تھا۔
ننھا ہاتھی پھر چل پڑا۔ اب اسے ایک شیر نظر آیا۔ اس نے شیر کو سلام کیا پھر پوچھا: ”شیر دادا! آپ نے میرے دو لمبے نوکیلے دانت تو نہیں دیکھے؟ مجھ سے کہیں گم ہو گئے ہیں۔“ شیر نے کہا: ”ننے! میں نے تو تمھارے دانت کہیں نہیں دیکھے، لیکن کیسے گم ہو گئے تم نے پہلے خیال کیوں نہ رکھا؟“
رات ہو چکی تھی۔ اندھیرا بڑھ گیا تھا۔ ننھا ہاتھی تھک چکا تھا۔ شیر کی بات نے اسے مزید پریشان کر دیا۔ اس نے اپنے دل میں کہا: ”اب مجھے واپس جا کر ماں کو سب کچھ بتا دینا چاہیے۔“ یہ سوچ کر ننھا ہاتھی واپس گھر کی طرف چل پڑا۔ ماں بڑی بے چینی کے ساتھ اس کا انتظار کر رہی تھی۔ جب وہ گھر پہنچا تو ماں نے پہلے اس کے ماتھے پر بوسہ دیا۔ پھر پوچھا: ”میرے بیٹے! تم اب تک کہاں تھے؟ اتنی دیر کیوں کردی؟“ ننھے ہاتھی نے ڈرتے ڈرتے ماں سے کہا: ”میرے دونوں دانت کہیں گم ہو گئے ہیں۔ میں انھیں پورے جنگل میں ڈھونڈ آیا ہوں مگر کہیں نہیں ملے۔“ ماں نے حیرت سے اس کی طرف دیکھا اور کہا: ”تمھارے دانت کھو گئے ہیں، کون سے دانت؟“ ننھے ہاتھی نے رونی سی شکل بنا کر کہا: ”میرے دو لمبے نوکیلے دانت۔ میں نے انھیں ہر جگہ تلاش کیا مگر مجھے کہیں نہیں ملے۔“
بچوں سے سبق کی خواندگی درست تلفظ کے ساتھ کروائیں، مشکل اور نئے الفاظ کی ادائیگی پر خصوصی توجہ دیں۔
ہتھنی نے اپنی سونڈ اس کی گردن میں ڈال کر اسے اپنے قریب کیا پھر ایک زور دار قہقہہ لگایا۔ قہقہہ سُن کر پرندے اپنے گھونسلوں سے باہر نکل آئے اور ارد گرد کے جانور اپنی اپنی جگہوں پر کھڑے ہو گئے۔ پھر ہتھنی نے کہا: میرے پیارے بیٹے! تمام بچے دانتوں کے بغیر پیدا ہوتے ہیں۔ جیسے جیسے بچے بڑے ہوتے جاتے ہیں یہ دانت نکلنا شروع ہو جاتے ہیں اور ایک دن اتنے بڑے ہو جاتے ہیں کہ نظر آنے لگتے ہیں۔ اس لیے میرے بھولے بیٹے! جب تم بڑے ہو جاؤ گے تو یہ دانت تمھارے منہ میں خود ہی نکل آئیں گے۔ ننھا ہاتھی حیرت سے بولا: ”اوہو! مجھے تو اس بات کا پتا ہی نہیں تھا۔“ دونوں ماں بیٹا اس بات پر ہنس پڑے اور دیر تک ہنستے رہے۔
📚 سمجھیں اور بتائیں
- (الف) ننھا ہاتھی دریا کی طرف جاتے ہوئے کیوں خوش تھا؟
- (ب) ننھے ہاتھی کو اپنے دانتوں کا خیال کیسے آیا؟
- (ج) دانتوں کے بارے میں اپنی ماں سے بات کرتے وقت ننھا ہاتھی کیوں ڈر رہا تھا؟
- (د) ننھے ہاتھی نے شیر سے کیا پوچھا اور شیر نے کیا جواب دیا؟
- (ہ) آپ ننھے ہاتھی کی جگہ ہوتے تو کیا کرتے؟
بچوں کو بتائیں کہ مزاح میں ہلکی پھلکی بات کہنی چاہیے جس سے کسی کے چہرے پر مسکراہٹ آ جائے۔ تاہم کسی کی توہین، یا دل آزاری کر کے مذاق اڑانے سے گریز کرنا چاہیے۔
🐘 ننھے ہاتھی کی معصومیت اور ایک سبق آموز سفر! ✨
کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ ننھے ہاتھی کے بڑے اور نوکیلے دانت کہاں ہوتے ہیں؟ جماعت چہارم کے اردو نصاب کا سبق نمبر 5 "ننھا ہاتھی" ایک ایسی ہی دلچسپ اور مزاحیہ کہانی ہے جو ہمیں معصومیت اور قدرت کے نظام کے بارے میں سکھاتی ہے۔
Excellence Online Learning School (EOLS) کی جانب سے آج ہم لائے ہیں آپ کے لیے اس سبق کا جامع خلاصہ اور اہم تعلیمی نکات۔
📖 کہانی کا خلاصہ: افریقہ کے جنگل میں رہنے والا ایک ننھا ہاتھی جب پہلی بار دریا پر گیا، تو وہاں بڑے ہاتھیوں کو دیکھ کر اس کے ذہن میں ایک پریشان کن سوال پیدا ہوا: "سب کے پاس لمبے نوکیلے دانت ہیں، مگر میرے دانت کہاں ہیں؟" اسی تلاش میں وہ بیچارہ پورے جنگل میں گھوما، بندر چچا، تایا زرافہ اور شیر دادا سے پوچھا، مگر سب نے یہی کہا کہ انہوں نے اس کے دانت نہیں دیکھے۔ ننھا ہاتھی اداس ہو کر جب اپنی ماں کے پاس پہنچا، تو ماں نے ایک زور دار قہقہہ لگایا اور اسے زندگی کی ایک بڑی سچائی بتائی کہ: "دانت بچپن میں نہیں ہوتے، بلکہ جیسے جیسے تم بڑے ہو گے، یہ خود بخود نکل آئیں گے۔"
🌟 اس سبق سے ہم کیا سیکھتے ہیں؟
▪️ فطری عمل: ہر چیز اپنے وقت پر مکمل ہوتی ہے، ہمیں صبر کرنا چاہیے۔
▪️ والدین کی رہنمائی: پریشانی کی صورت میں ہمیشہ اپنے بڑوں سے مشورہ کرنا چاہیے۔
▪️ صحت مند مزاح: دوسروں کا مذاق اڑانے کے بجائے ایسی گفتگو کرنی چاہیے جس سے دوسروں کے چہرے پر مسکراہٹ آئے۔
📝 اساتذہ اور والدین کے لیے پیغام: اس سبق کے ذریعے بچوں کو نئے الفاظ کے درست تلفظ کی مشق کروائیں اور ان میں تجسس و جستجو کا مادہ پیدا کریں۔ انہیں بتائیں کہ سوال پوچھنا علم حاصل کرنے کی پہلی سیڑھی ہے۔
📢 مزید تعلیمی مواد اور مکمل سبق کی تفصیلات کے لیے ابھی وزٹ کریں:
👉 excellenceonlinelearningschool.blogspot.com (مثال لنک)
تیاری و پیشکش: Excellence Online Learning School (EOLS)
معیاری تعلیم، روشن مستقبل!
Comments
Post a Comment