Class 5 Urdu Lesson 4 - Aey Watan Tu Salamat Rahay | Digital Book Style Lesson No: سبق نمبر 4 | Class: 5 | Subject: اردو | Topic: اے وطن تو سلامت رہے | Type: ڈیجیٹل بک ڈیزائن
A high-quality digital representation of the Class 5 Urdu lesson "Aey Watan Tu Salamat Rahay". This interactive textbook-style page covers the culture, geography, and traditions of Pakistan's provinces including Balochistan, Sindh, KPK, Punjab, Azad Kashmir, and Gilgit Baltistan. Perfect for E-learning and SNC curriculum study.
سبق 4
اے وطن! تو سلامت رہے
حاصلاتِ تعلم
اس سبق کی تکمیل کے بعد آپ اس قابل ہو جائیں گے کہ:
- نئی ہوئی چیزوں کی تفہیم کر کے بتا سکیں۔
- حافظے میں موجود نظم اور اشعار لِئے اور آہنگ سے سنا سکیں۔
- عبارت (نثر) پڑھ کر اس میں موجود معلومات اور تصورات کو اخذ کر کے بیان کر سکیں۔
- کسی سفر کا مختصر احوال لکھ سکیں۔
- جمع کو واحد اور واحد کو جمع میں تبدیل کر کے بتا/ لکھ سکیں۔
- حروفِ جار کا درست استعمال کر سکیں۔
- کسی میلے یا نمائش کو دیکھ کر اس کی کسی مخصوص سرگرمی پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کر سکیں۔
- ذرائع ابلاغ یا دیگر ایسے ہی ذرائع سے نظمیں اور گیت وغیرہ سن کر دوسروں کو سنا سکیں۔
سوچیں اور بتائیں
- ہمارے ملک کے کتنے صوبے ہیں؟
- ہماری قومی زبان اور قومی لباس کون سا ہے؟
- آپ کس صوبے کے، کون سے شہر یا گاؤں میں رہتے ہیں؟
کیا آپ جانتے ہیں؟
- آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔
- پاکستان کی بلند ترین چوٹی "کے-ٹو" ہے، جس کی اونچائی ۸۶۱۱ میٹر ہے۔
- پاکستان کا مطلب ہے "پاک لوگوں کے رہنے کی جگہ۔"
اے وطن! تو سلامت رہے
تلفظ سیکھیں
میری پیاری ڈائری! آج میں بہت خوش ہوں۔ سارہ باجی نے آج بچوں کو پاکستان کے مختلف علاقوں اور ان میں بسنے والوں کے رہن سہن کے بارے میں ایک دل چسپ اور معلوماتی دستاویزی فلم دکھائی۔ کیا شان دار فلم تھی! یوں لگا کہ ہم اسلام آباد میں بیٹھے بیٹھے ان علاقوں کی سیر کر رہے ہیں۔ سب سے پہلے ایک عمارت کا خوب صورت منظر دکھایا گیا۔ اس عمارت پر پاکستان کا پرچم لہرا رہا تھا۔ یہ ایسی عمارت تھی جسے پاکستانی پہلی ہی نظر میں پہچان لیتے ہیں۔ جی ہاں! یہ بلوچستان کی مشہور تاریخی عمارت "قائد اعظم ریزیڈنسی زیارت" کا منظر تھا۔ یوں فلم کا آغاز صوبہ بلوچستان سے ہوا۔
بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ کوئٹہ، خضدار، ژوب اور گوادر اس کے مشہور شہر ہیں۔ کوئٹہ صوبے کا صدر مقام بھی ہے۔ اسے "پھلوں کی وادی" کہتے ہیں۔ یہاں کے لوگوں کا پہناوا شلوار قمیص ہے۔ مردوں کی قمیص شلوار خوب گھیر دار ہوتی ہے، جب کہ عورتوں کے کپڑے، شیشوں اور خوب صورت کڑھائی سے مزین ہوتے ہیں۔ "سجی" یہاں کا مشہور اور ہر دل عزیز کھانا ہے۔ یہاں کی خوب صورت "ہنہ جھیل" کو دیکھنے ہر سال بہت سے سیاح آتے ہیں۔ اس کے شہر "زیارت" میں قائدِ اعظم رحمتہ اللہ علیہ نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے۔ صوبہ بلوچستان کی سرزمین قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔
سکرین پر اب ساحلِ سمندر کا مشہور مقام "کلفٹن" دکھایا گیا۔ اب صوبہ سندھ کے بارے میں معلومات دی جا رہی تھیں۔ کراچی، سکھر، لاڑکانہ اور حیدر آباد صوبہ سندھ کے مشہور شہر ہیں۔ کراچی اس صوبے کا صدر مقام بھی ہے۔ آبادی کے لحاظ سے یہ پاکستان کا سب سے گنجان آباد شہر ہے۔ کراچی کو "عروس البلاد" اور روشنیوں کا شہر بھی کہتے ہیں۔ رلی، اجرک اور سوئی کے بنے ہوئے کپڑے صوبہ سندھ کی منفرد شناخت ہیں۔ کراچی کی بریانی اور حیدر آباد کی "پلہ مچھلی" یہاں کے لذیذ پکوان ہیں۔ وادی سندھ کی قدیم تہذیب کے آثار بھی اس صوبے میں موئن جو دڑو کے مقام پر پائے جاتے ہیں۔
سندھ کے مناظر ختم ہوئے تو سکرین پر پتھروں سے بنا ہوا بہت بڑا دروازہ نمودار ہوا۔ اس پر لکھا تھا: "بابِ خیبر"۔ یہ دروازہ صوبہ خیبر پختونخوا میں واقع ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے مشہور شہر پشاور، مردان، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور مانسہرہ ہیں۔ پشاور شہر یہاں کا مرکزی مقام ہے۔ اسے "پھلوں کا شہر" بھی کہتے ہیں۔ یہاں کا "قصہ خوانی بازار" تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ پرانے وقتوں میں لوگ یہاں قصے کہانیاں سنایا کرتے تھے، اسی لیے اس بازار کا نام "قصہ خوانی بازار" مشہور ہو گیا۔ خیبر پختونخوا کے مرد روایتی قمیص شلوار جب کہ خواتین کڑھائی والی لمبی قمیص شلوار یا پھر فراک پہنتی ہیں۔ یہاں کے "چپلی کباب" اپنے منفرد ذائقے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ وادی کاغان میں موجود جھیل "سیف الملوک" کو دیکھنے ہر سال ملکی اور غیر ملکی سیاح جوق در جوق اس صوبے کا رخ کرتے ہیں۔
ٹھہریں اور بتائیں
- پھلوں کی وادی کس شہر کو کہتے ہیں؟
- قصہ خوانی بازار کی وجہ شہرت کیا ہے؟
- رلی، اجرک، پینٹے، لنگی، دھوتی بند کہاں کے لباس ہیں؟
سکرین پر مینارِ پاکستان دکھائی دیا تو دل سے آواز آئی: "اے وطن تو سلامت رہے" اور ہونٹوں سے بے اختیار نکلا: "سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد تجھے"۔ ہم سب بچوں نے جوش سے اپنے وطن کے لیے تالیاں بجائیں۔ ہم اب صوبہ پنجاب کے حسین مناظر دیکھ رہے تھے۔ اس صوبے کے مشہور شہروں میں لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، گجرات، ملتان اور راولپنڈی شامل ہیں۔ لاہور صوبے کا مرکزی شہر ہے۔ اسے "کالجوں اور باغوں کا شہر" بھی کہتے ہیں۔ اس شہر میں بہت سی تاریخی عمارات واقع ہیں، جن میں بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ، شالامار باغ وغیرہ بہت مشہور ہیں۔ صوبہ پنجاب کی مشہور سیاحتی وادی، وادی مری ہے۔ شہروں میں لوگ شلوار قمیص پہنتے ہیں جب کہ دیہات میں زیادہ تر لوگ لنگی، لا چہ اور دھوتی پہننا پسند کرتے ہیں۔ مکئی کی روٹی، لسی، ساگ اور مکھن یہاں کے روایتی کھانے ہیں۔
اب سکرین پر مظفر آباد کا دل کش منظر تھا۔ مظفر آباد آزاد جموں کشمیر کا صدر مقام ہے۔ آزاد کشمیر کے مشہور شہر مظفر آباد، بھمبر، راولا کوٹ، میر پور، باغ اور کوٹلی ہیں۔ نیلم، شاردہ، اٹھ مقام، کیرن اور چھوٹا گلہ جھیل کے سیاحتی مقامات اپنی مثال آپ ہیں۔ کشمیر کو اپنی بے پناہ خوب صورتی اور دل کش نظاروں کی وجہ سے "جنت نظیر" بھی کہتے ہیں۔ تافتان اور گشتابہ یہاں کے روایتی کھانے ہیں۔ عمدہ کشمیری کڑھائی والے پنبھنے (پھیرن) اور کشمیری شالیں یہاں کے مشہور پہناوے ہیں۔
فلم کے آخری حصے میں ہم نے ایک حیران کن منظر دیکھا۔ یہاں کچھ لوگ گھوڑوں پر سوار ہو کر ہاکی کی طرز کا کوئی کھیل کھیل رہے تھے۔ پتا چلا کہ اس کھیل کو "پولو" کہتے ہیں۔ گلگت بلتستان کا صدر مقام گلگت ہے اور پولو گلگت بلتستان کا مشہور کھیل ہے جو کہ چترال اور گلگت کی سرحد پر واقع دنیا کے سب سے بلند پولو گراؤنڈ "شندور" میں کھیلا جاتا ہے۔ یہاں ہر سال ایک میلا لگتا ہے، جسے شندور میلا کہتے ہیں۔ اس میلے میں پولو سمیت دیگر علاقائی کھیلوں کے مظاہرے بھی ہوتے ہیں۔ گلگت بلتستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ یہاں کے مشہور شہروں میں چلاس، گلگت، سکردو، ہنزہ، گاہکوچ، استور اور جگلوٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قدرت کے حسین نظارے اور خوب صورت پہاڑی سلسلے بھی یہاں موجود ہیں، جن میں درہ بابوسر، فیری میڈوز، استور، دیوسائی، کچورہ، ہنزہ، درہ خنجراب، پھنڈر، نلتر اور شنگر بہت مشہور سیاحتی علاقے ہیں جہاں ہر سال لاکھوں سیاح خوب صورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے گلگت بلتستان کا رخ کرتے ہیں۔
پیاری ڈائری! مجھے آج اپنے وطن کے بارے میں اتنی اہم اور دل چسپ معلومات جان کر بہت اچھا لگا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو سلامت رکھے! (آمین)
ہم نے سیکھا
- پاکستان میں رنگا رنگ مناظر، تفریحی اور تاریخی مقامات پائے جاتے ہیں۔
- پاکستان کے مختلف علاقوں کے لوگوں کا رہن سہن، ان کے پکوان اور لباس مختلف ہیں۔
- پاکستان کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں اور وطن سے محبت کرتے ہیں۔

Comments
Post a Comment