Discover the wonders of the solar system and Allah's perfect creation in Class 5 Urdu Lesson "Bey Misal Hai Nizam Tera". Detailed notes by Excellence Online Learning School (EOLS).
بے مِثل ہے نظام تیرا
حاصلاتِ تعلم
اس سبق کی تکمیل کے بعد آپ اس قابل ہو جائیں گے کہ :
- متن کو سمجھ کر معنی اخذ کر سکیں اور غیر ضروری تفصیل کو منہا کر سکیں۔ (مرکزی خیال)
- ماحول کا مشاہدہ کر کے چند سطری عبارت لکھ سکیں۔
- کسی عنوان پر دو سے تین مربوط اور بامقصد پیراگراف پر مشتمل مختصر مضمون لکھ سکیں۔
- جمع کو واحد اور واحد کو جمع میں تبدیل کر کے بتا/لکھ سکیں۔
- فعل کو فاعل اور مفعول کی مطابقت سے استعمال کر سکیں۔
سوچیں اور بتائیں
- روشنی اور حرارت کا سب سے بڑا قدرتی ذریعہ کون سا ہے؟
- آپ کے خیال میں نظامِ زندگی میں کیا رکاوٹ آتی اگر یا تو صرف دن ہوتا، یا صرف رات ہوتی؟
کیا آپ جانتے ہیں؟
ہماری زمین کے اردگرد ایک حفاظتی خول ہے۔ یہ حفاظتی خول اوزون کی تہ کہلاتا ہے۔ یہ حفاظتی خول، سورج سے آنے والی کئی قسم کی خطرناک شعاعوں کو ہماری زمین تک پہنچنے سے روکتا ہے۔
| اِفتتاح | نظامِ شمسی | گردش | مدار | بگاڑ | جُھلس | آکسیجن |
بے مِثل ہے نظام تیرا
پرنسپل صاحب نے پچھلے ہفتے سکول میں لائبریری کا افتتاح کیا۔ بچے بہت خوش تھے کہ اب طرح طرح کی کتابیں پڑھنے کو ملیں گی۔ ہمارے استاد صاحب نے بچوں سے کہا: ”آپ کون سی کتابیں پڑھنا چاہیں گے؟“ بچوں نے مختلف موضوعات کی کتابوں کے نام لیے۔ کسی کو تاریخ کی کتابیں پسند تھیں اور کوئی کہانیوں کی کتابوں کا دل دادہ تھا۔ کسی کو سائنس کی کتابوں کا شوق تھا تو کوئی نظموں کی کتابوں کا دیوانہ تھا۔ استاد صاحب نے کہا: کیوں نہ پہلے دن ہم سب سائنس کی کتابیں پڑھیں۔ اہم نکات اپنی ڈائریوں میں نوٹ کریں اور پھر اپنی معلومات جماعت کے سامنے پیش کریں۔“
استاد صاحب کی ہدایت کے مطابق ہم سب نے اہم نکات اپنی اپنی ڈائریوں میں لکھ لیے تھے۔ اب ہم اپنی حاصل کردہ معلومات کا تبادلہ کرنے کے لیے بے چین تھے، استاد صاحب نے احمد سے کہا کہ وہ نظامِ شمسی کے بارے میں اکٹھی کی گئی معلومات کے بارے میں بتائے۔
احمد نے بتایا: ”اللہ تعالیٰ نے اس کائنات کو اربوں، کھربوں کہکشاؤں سے سجایا ہے۔ ان کہکشاؤں میں بے شمار ستارے، سیارے اور سیارچے موجود ہیں۔ نظامِ شمسی بھی اسی کائنات میں ہماری کہکشاں کا حصہ ہے۔ نظامِ شمسی کا مطلب ہے، سورج کا نظام۔ سورج کے گرد مختلف سیارے ہر وقت اپنے اپنے مدار میں گردش کرتے رہتے ہیں۔ ستاروں کی گردش کے اس نظام میں کبھی ایک لمحے کا بھی فرق نہیں پڑا。
A detailed 3D educational illustration of the solar system showing the bright sun in the center and the eight planets in their distinct orbits, space background with a hint of the Milky Way galaxy, scientific and professional style.
سورج نظامِ شمسی کا مرکز ہے جو روشنی اور حرارت کا سب سے بڑا قدرتی ذریعہ ہے۔ فصلوں اور پودوں کی نشوونما اسی کی روشنی اور حرارت کی بدولت ہوتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سورج صرف صبح کو چمکتا ہے اور رات ہوتے ہی کہیں آرام کرنے چلا جاتا ہے، مگر دوستو! ایسا نہیں ہے۔ یہ کہیں نہیں جاتا بلکہ ہماری زمین گردش کرتے ہوئے اس کے گرد چکر لگاتی رہتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ زمین کا جو حصہ سورج کے سامنے ہوتا ہے وہاں سورج کی روشنی کی وجہ سے دن ہوتا ہے۔ اسی طرح سے زمین کا وہ حصہ جو سورج کے سامنے نہیں ہوتا وہاں رات ہو جاتی ہے۔
سورج ایک ستارہ ہے۔ ستاروں کی اپنی روشنی اور حرارت ہوتی ہے۔ ستارے اپنی جگہ پر ساکن رہتے ہیں۔ اس کے برعکس ہماری زمین ایک سیارہ ہے۔ سیاروں کی اپنی روشنی نہیں ہوتی اور یہ ہر وقت گردش کرتے رہتے ہیں۔ سیارے جسامت میں ستاروں سے بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔“ احمد نے اپنی بات ختم کی۔ ہم سب نے تالیاں بجا کر احمد کو داد دی۔ استاد صاحب نے بھی احمد اور اس کے ساتھیوں کو شاباش دی اور کہنے لگے: ”سورج کے گرد اور بھی بہت سے ستارے اور سیارچے گردش کرتے رہتے ہیں۔ سورج سیاروں، ذیلی سیاروں اور سیارچوں سے مل کر جو نظام بناتا ہے، اسے نظامِ شمسی کہتے ہیں۔ ہماری زمین سورج کے گرد تقریباً ۳۶۵ دنوں میں اپنا ایک چکر مکمل کرتی ہے۔ یہ ایک ”شمسی سال“ کہلاتا ہے۔ اسی طرح چاند زمین کے گرد گھومتا ہے اور اپنا ایک چکر تقریباً ۲۹ دنوں میں پورا کرتا ہے۔ اس کی گردش کے مطابق بارہ مہینوں میں ایک قمری سال مکمل ہو جاتا ہے۔“
ہم سب نظامِ شمسی سے متعلق معلومات کو دل چسپی سے سن رہے تھے۔ استاد صاحب نے عبداللہ سے زمین کے بارے میں اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جمع شدہ معلومات بتانے کے لیے کہا۔
عبداللہ نے بتایا: ”ہم نے نظامِ شمسی کے بارے میں جانا کہ ہماری زمین بھی اسی نظام کا حصہ ہے۔ زمین سورج سے ایک خاص فاصلے پر موجود ہے۔ اگر اس فاصلے کو کم یا زیادہ کر دیا جائے تو اس کرہ ارض پر زندگی کا نظام ختم ہو جائے۔ اگر یہ فاصلہ کم کر دیا جائے تو ہر شے جھلس جائے گی۔ اگر یہ فاصلہ بڑھا دیا جائے تو ہر چیز جم جائے گی۔ دوسرے سیاروں پر انسانی زندگی نہ ہونے کی وجہ بھی یہی ہے کہ یا تو وہ سورج کے بہت قریب ہیں یا پھر بہت دور۔ ساتھیو! زمین سے متعلق ایک بہت اہم بات یہ بھی ہے کہ اس زمین پر زندہ رہنے کے لیے ہوا اور پانی بے حد ضروری ہیں۔ ہماری زمین کا تین چوتھائی حصہ پانی پر مشتمل ہے۔
A high-quality realistic digital painting of Planet Earth from space, showing beautiful blue oceans and clouds, surrounded by a thin glowing blue atmospheric layer, with sunlight illuminating one side to show the day and night cycle.
ہماری زمین پر ہواؤں کا ایسا نظام قائم ہے جس کے ذریعے سے بارشیں برستی ہیں۔ ہوائیں سمندر کی سطح سے پانی کو بخارات کی صورت میں اُڑا کر لے جاتی ہیں اور دُور دراز علاقوں میں مینہ برسا دیتی ہیں۔ اگر ہواؤں کا یہ نظام ختم کر دیا جائے تو بارش برسنا بند ہو جائے اور زمین پر نباتات اور حیوانات کی زندگی بھی ختم ہو جائے۔
ٹھہریں اور بتائیں
- نظامِ شمسی کسے کہتے ہیں؟
- ہماری زمین کیسے ایک سیارہ ہے؟
- بارشیں کیسے برستی ہیں؟
عبداللہ نے بھی بہت اچھے طریقے سے اپنی بات مکمل کی۔ استاد صاحب اور ہم سب نے عبداللہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تالیاں بجائیں۔
استاد صاحب نے ہماری معلومات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے بتایا کہ سانس لیتے وقت ہم ہوا سے آکسیجن حاصل کرتے ہیں۔ ہماری فضا میں آکسیجن کا اتنا ہی دباؤ موجود ہے، جو ہمارے سانس لینے کے لیے ضروری ہے۔ یہ دباؤ کم یا زیادہ ہو جائے تو ہمارے لیے سانس لینا بھی دشوار ہو جائے۔ اللہ تعالیٰ اس کائنات کو منظم انداز میں چلا رہا ہے، اس ترتیب و تنظیم میں ہلکا سا بگاڑ پیدا ہو جانے کی صورت میں روئے زمین پر زندگی کا نام و نشان بھی باقی نہیں رہے گا۔
اہم نکات (خلاصہ)
- کائنات اربوں کہکشاؤں پر مشتمل ہے جس میں ہمارا نظامِ شمسی بھی شامل ہے۔
- سورج نظامِ شمسی کا مرکز ہے اور روشنی و حرارت کا بڑا ذریعہ ہے۔
- زمین سورج کے گرد چکر لگاتی ہے جس سے موسم اور سال بنتے ہیں۔
- زمین پر زندگی کے لیے ہوا، پانی اور آکسیجن کا تناسب اللہ تعالیٰ کی خاص نعمت ہے۔
Comments
Post a Comment