Explore Lesson 18 'Ek Qadeem Shehar' for Class 5 Urdu. This professional digital lesson covers the fascinating history of Harappa and the Indus Valley Civilization, social structures, and culture, designed by Excellence Online Learning School.
ایک قدیم شہر
حاصلاتِ تعلم
اس سبق کی تکمیل کے بعد آپ اس قابل ہو جائیں گے کہ :
- سن کر گفتگو کے اہم نکات کو سمجھ کر بتا سکیں۔
- متن کی تفہیم کے لیے اسے درست تلفظ اور روانی سے پڑھ سکیں۔
- موقع محل کے مطابق محاورات کو اپنی تحریر میں شامل کر سکیں۔
- کسی عنوان پر دس سے پندرہ جملوں پر مشتمل مضمون لکھ سکیں۔
- غلط جملوں کو درست کر سکیں۔
- مترادف اور متضاد کے فرق کو سمجھ کر بتا/ لکھ سکیں۔
- لغت میں الف بائی ترتیب سے الفاظ تلاش کر سکیں۔
- لغت کی مدد سے الفاظ کے معنی تلاش کر سکیں۔
- بچوں کے رسائل اور اخبارات یا سکول میگزین میں اپنی کاوشیں بھیج سکیں۔
- اپنے شہر یا صوبے میں موجود چند تاریخی عمارات کے نام بتائیں۔
- تاریخی عمارات کی حفاظت کیوں کرنی چاہیے؟
شالا مار باغ، جامع مسجد شاہ جہاں ٹھٹھہ، شاہی قلعہ اور مہر گڑھ کے قدیم آثار، عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔
A professional educational illustration of the ancient ruins of Harappa, showing structured brick walls, clean streets, and an overview of the Indus Valley Civilization archeological site under a bright sky, high detail, textbook style.
وادیِ سندھ کی تہذیب دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے۔ یہ تہذیب دریائے سندھ کے کنارے پروان چڑھی۔ اس تہذیب کے آثار سندھ میں موہن جو دڑو اور پنجاب میں دریائے راوی کے کنارے ہڑپہ (ضلع ساہیوال) میں پائے گئے ہیں۔
یہاں سے ملنے والے آثار کی مدد سے وادیِ سندھ کی تہذیب کے بارے میں جاننا آسان ہو گیا ہے۔ ہڑپہ کے مقام سے مٹی کے پکے برتن، مہریں اور وزن کرنے والے باٹ ملے ہیں۔ مہریں پکی مٹی، تانبے اور چاندی کی بنی ہوئی تھیں۔ مہروں پر ہاتھی اور کوہان والے بیل کی تصویریں زیادہ نمایاں ہیں۔ اوزار کانسی سے تیار کیے جاتے تھے۔ موہن جو دڑو اور ہڑپہ سے ملنے والی اشیا میں مماثلت پائی جاتی ہے کیوں کہ یہ دونوں شہر وادیِ سندھ کی تہذیب کا حصہ تھے۔
ہڑپہ سے ملنے والی مہروں پر دیوی دیوتاؤں کی تصویریں ملی ہیں جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ مورتیوں اور دیوتاؤں کی پوجا کرتے تھے۔ مٹی کے بت بھی پوجنے کے لیے بنائے جاتے تھے۔ وہاں کے باسی درختوں کو متبرک خیال کرتے تھے۔ یہاں جانوروں کی پرستش کا بھی رواج تھا۔ جانوروں میں بیل، شیر، ہاتھی اور گینڈے کی تصاویر بھی ملی ہیں۔
ہڑپہ میں کاروبارِ زندگی ایک باقاعدہ نظام کے تحت چلایا جاتا تھا۔ وزن اور ناپ تول درست اور معیاری رکھنے پر زور دیا گیا تھا۔ صفائی کرنے والے ملازم گلیوں اور راستوں کو صاف رکھتے تھے۔ اس شہر کی منصوبہ بندی سے اندازہ ہوتا ہے کہ شہر کے اوپر والے حصے میں امرا رہتے تھے۔ ان کے گھر بڑے ہوتے تھے۔ ملازموں کے لیے علیحدہ کمرے بنے ہوتے تھے۔ لوگوں کی اکثریت غریب تھی۔ یہ شہر کے نچلے حصے میں چھوٹے مکانوں میں رہتے تھے۔
A high-quality 3D digital scene depicting the daily life in ancient Harappa. People in traditional simple ancient attire, some weaving cloth on wooden looms, some pottery making, and a glimpse of the organized brick city drainage system, historical accuracy, professional educational art.
مردوں اور عورتوں کے درمیان کام تقسیم کیے گئے تھے۔ عورتیں آٹا پیستیں، کپڑا تیار کرتیں اور مویشیوں کی دیکھ بھال کرتی تھیں جب کہ مردوں کا پیشہ کاشت کاری، تجارت اور صنعت کاری تھا۔ کچھ گھروں سے کپڑا بنے کی کھڈیاں بھی ملی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کپڑا بننا بھی ان کا پیشہ تھا۔ مٹی کی مورتیاں اور ان پر بنے کپڑوں کے نقوش، کپڑا بنانے کی صنعت کا پتا دیتے ہیں۔ عورتیں آرائش اور بناؤ سنگھار کے لیے ہار، مالائیں اور چوڑیاں پہنتی تھیں۔
ہڑپہ کے لوگ پڑھ لکھ سکتے تھے۔ ان کا رسم الخط دلچسپ اور پیچیدہ تھا۔ اس عہد میں لکھنے کا ایک نظام بنایا گیا تھا، جس میں تقریباً چار سو علامات تھیں۔ اسے تاجر، فوجی اور سیاسی افراد استعمال کرتے تھے۔ آثارِ قدیمہ کے ماہرین ابھی تک ان علامات کے معانی تلاش نہیں کر پائے۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ یہ تحریریں ایک سے زیادہ زبانوں پر مشتمل ہیں۔ جب تک کوئی ماہر اس تہذیب کے رسم الخط اور الفاظ پڑھ نہیں لیتا، اس وقت تک اس تہذیب کے کئی گوشے چھپے رہیں گے۔
ہڑپہ کی سرزمین زرخیز تھی۔ اس کی معیشت کا انحصار زراعت اور تجارت پر تھا۔ اس تہذیب کی اکثریت کاشت کاروں پر مشتمل تھی۔ موسمی بارشوں کی وجہ سے یہاں خوب فصلیں اُگتی تھیں۔ یہاں کی فصلوں کے جو آثار ملے ہیں، ان کی بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ گیہوں، باجرہ، جو، دالیں، کپاس اور چاول یہاں پیدا ہوتے ہوں گے۔
شہروں کی کھدائی سے ملنے والے ہتھیاروں کی تعداد سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں کے لوگ پُرامن زندگی بسر کرتے ہوں گے۔ ان ہتھیاروں کا استعمال شکار ہی کے لیے کیا جاتا ہو گا۔ مویشی ان کی زندگی کا اہم حصہ تھے۔ بیل ان کے نزدیک اہم ترین جانور تھا۔ بیل کی تصویر والی بے شمار مہریں اور کھلونے بھی ہڑپہ کے کھنڈرات سے برآمد ہوئے ہیں۔
اس شہر کے کھنڈرات کے آثار بتاتے ہیں کہ یہ لوگ فنِ تعمیر سے اچھی طرح آشنا تھے۔ کاری گر اینٹیں بنانے اور انھیں پکانے کے فن سے واقف تھے۔ مکانات کی بنیادیں گہری اور مضبوط بناتے تھے۔ مکانات کی تعمیر میں پختہ اینٹیں استعمال کرتے تھے۔ ہر گھر میں غسل خانہ موجود ہوتا تھا۔ مکانوں میں روشنی اور ہوا کا بھی معقول بندوبست کیا جاتا تھا۔
گندے پانی کے نکاس کا عمدہ انتظام تھا۔ قدیم دور میں کوئی بھی شہر ایسا نہیں تھا، جہاں نکاسیِ آب کا اتنا بہتر انتظام اور سہولیات موجود ہوں۔ یوں لگتا ہے کہ آج کل کا نکاسیِ آب کا نظام اسی دور کی نقل ہے۔
- وادیِ سندھ کی تہذیب کہاں پروان چڑھی؟
- ہڑپہ سے ملنے والی مہروں پر کن چیزوں کی تصویریں بنی ہوئی تھیں؟
- ہڑپہ کی عورتیں اور مرد کیا کام کرتے تھے؟
- کون کون سی فصلیں ہڑپہ میں اگائی جاتی تھیں؟
آہستہ آہستہ اس شہر کا زوال ہونا شروع ہو گیا۔ بعض ماہرین کے خیال میں خشک سالی اس کی وجہ بنی اور بعض کے نزدیک قدرتی آفات۔ بہرحال وجہ جو بھی تھی، آخر کار یہ تہذیب ختم ہو کر رہ گئی۔
ہڑپہ نہ صرف پاکستان کا تاریخی مقام ہے بلکہ عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ بھی ہے۔ زندہ قومیں اپنی تہذیب و ثقافت کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے ثقافتی ورثے کی حفاظت کریں۔
ہم نے سیکھا
- ہڑپہ کی تہذیب صدیوں پرانی ہے۔
- ہڑپہ کے لوگوں کا رہن سہن بہت منظم تھا۔
- اپنی تاریخی عمارات اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کرنی چاہیے۔
Comments
Post a Comment