A comprehensive digital Urdu lesson for Class 4 Social Studies on the topic 'State and Government'. Covers the definitions of state, government, the 1973 Constitution of Pakistan, and the rights and responsibilities of citizens.
معاشرتی علوم | چوتھی جماعت
ریاست اور حکومت
(State and Government)
حاصلاتِ تعلم (Students' Learning Outcomes)
اس باب کی تکمیل کے بعد طلبہ اس قابل ہو جائیں گے کہ:
- ریاست (State) اور حکومت (Government) کی تعریف کر سکیں۔
- ریاست (State) اور حکومت (Government) کے مابین فرق کو سمجھ سکیں۔
- آئین (Constitution) کی تعریف کر سکیں۔
- پاکستان کے آئین (Constitution of Pakistan) کی بنیادی خصوصیات بیان کر سکیں۔
- پاکستان کے آئین کے مطابق شہریوں کے حقوق (Rights) اور ذمہ داریاں (Responsibilities) بیان کر سکیں۔
آپ کے گھر کے انتظامات کون سنبھالتا ہے؟ ________________________________
اپنے کمرہ جماعت کا نظم و نسق قائم رکھنے کے کوئی سے دو اصول بتائیے۔ ________________________________
آج سے ہزاروں سال قبل انسان غاروں اور جنگلوں میں رہتا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں شعور بیدار ہوا تو وہ چھوٹی آبادیاں اور بستیاں بنا کر رہنے لگا۔ بعد ازاں یہی آبادیاں شہروں اور پھر ریاستوں میں تبدیل ہو گئیں اور ان ریاستوں کے انتظامات حکومتیں سنبھالنے لگیں تاکہ نظم و نسق برقرار رہ سکے۔
ریاست (State)
ایک مخصوص علاقہ جو انسانی آبادی پر مشتمل ہو، جہاں ایک ایسی حکومت قائم ہو جو خود مختار ہو اور جس کا اپنا اقتدارِ اعلیٰ ہو، ریاست (State) کہلاتا ہے۔ ریاست بنیادی طور پر چار عناصر سے مل کر بنتی ہے: علاقہ، آبادی، حکومت اور اقتدارِ اعلیٰ۔ ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنائے اور اپنے شہریوں کی ترقی، خوش حالی اور فلاح کے لیے کام کرے۔
Do you want to know more?
- حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وعلیٰ آلہ واصحابہ وسلم نے مدینہ منورہ میں پہلی اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی۔ اس اسلامی ریاست کے بنیادی اصولوں میں توحید، مساوات، اخلاص و تقویٰ، حصولِ علم اور عدل و انصاف وغیرہ شامل تھے۔
- اقتدارِ اعلیٰ ریاست کا سب سے برتر اور اعلیٰ اختیار ہوتا ہے۔ اس اختیار کی بدولت ریاست کا نظام چلتا ہے۔ پاکستان کے آئین کے مطابق اقتدارِ اعلیٰ کا مالک اللہ تعالیٰ ہے۔
- ایک اسلامی ریاست کے تمام قوانین قرآن و سنت کے مطابق ہونا ضروری ہیں۔
ریاست اور اس کے عناصر (State and Its Elements)
حکومت (Government)
حکومت (Government)، ریاست کے چار عناصر میں سے اہم ترین عنصر ہے۔ حکومت سے مراد لوگوں کا ایسا گروہ ہے جس کے پاس کسی ملک یا ریاست کے انتظامات سنبھالنے کے قانونی طور پر اختیارات موجود ہوں۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنے شہریوں کو تعلیم، امن و امان، علاج معالجے اور ذرائع آمد و رفت جیسی سہولتیں مہیا کرے۔ عدل و انصاف کو یقینی بنائے اور آئین کے مطابق شہریوں کو ان کے حقوق فراہم کرے۔ اُن کی ضروریات کا خیال رکھے اور ملک یا ریاست کے انتظامات سنبھالے۔
ریاست (State) اور حکومت (Government) کے مابین فرق
ریاست اور حکومت کے مابین ایک واضح فرق ہے۔ ریاست چار بنیادی عناصر (علاقہ، آبادی، حکومت اور اقتدارِ اعلیٰ) سے مل کر بنتی ہے۔ ان میں سے اگر کوئی ایک عنصر بھی نکل جائے تو ریاست کا تصور مکمل نہیں ہوتا، جب کہ دوسری طرف حکومت ریاست کا ایک اہم عنصر ہے۔ حکومت کے بغیر نہ تو ریاست کے انتظامات سنبھالے جا سکتے ہیں اور نہ ہی عدل و انصاف کی فراہمی ممکن ہے۔ ریاست اور حکومت میں دوسرا فرق یہ ہے کہ ریاست کا تصور مستقل ہے، جب کہ حکومتیں بدلتی رہتی ہیں۔ مثلاً جمہوری نظامِ حکومت میں کچھ عرصے کے بعد نئے نمائندوں کا انتخاب ہوتا ہے اور اس طرح پہلی حکومت کی جگہ نئی حکومت قائم ہو جاتی ہے۔ ریاست اور حکومت میں تیسرا بڑا فرق یہ ہے کہ کسی بھی ریاست میں آباد لوگوں کی تعداد لاکھوں کروڑوں میں ہو سکتی ہے، لیکن ضروری نہیں کہ یہ تمام افراد حکومت کا بھی حصہ ہوں، حکومت سازی کے لیے پوری آبادی میں سے نمائندوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
پاکستان ایک اسلامی جمہوری ریاست ہے جس کا ایک مخصوص جغرافیہ ہے۔ یہاں نظامِ حکومت چلانے کے لیے حکومت اور ریاستی ادارے قائم ہیں جو اپنی ذمہ داریاں (فرائض) انجام دیتے ہیں اور اقتدارِ اعلیٰ کا مالک اللہ تعالیٰ ہے۔
آئین (Constitution)
کسی بھی ریاست یا ملک کا نظم و نسق چلانے کے لیے بنیادی اصول و ضوابط کا ایک مجموعہ ترتیب دیا جاتا ہے، جسے آئین (Constitution) کہتے ہیں۔ یہ اصول و ضوابط حکومتی انتظام چلانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ملک کے تمام قوانین آئین کی روشنی میں مرتب کیے جاتے ہیں۔
1973ء کے آئین کی بنیادی خصوصیات
(Basic Characteristics of the 1973 Constitution)
پاکستان کے موجودہ 1973ء کے آئین کی بنیادی خصوصیات درج ذیل ہیں:
- تمام کائنات پر حاکمیت اللہ تعالیٰ کی ہے اور پاکستان میں ہر قانون قرآن و سنت کے مطابق بنایا جائے گا۔
- آئین کے مطابق پاکستان کا سرکاری نام "اسلامی جمہوریہ پاکستان" ہے۔
- یہ لازمی ہے کہ ملک کا صدر اور وزیر اعظم مسلمان ہوں اور عقیدہ ختمِ نبوت صلی اللہ علیہ وعلیٰ آلہ واصحابہ وسلم پر یقین رکھتے ہوں۔
- ملک کا سرکاری مذہب اسلام ہے۔
- شہریوں کے بنیادی حقوق اور ذمہ داریوں (فرائض) کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
Hold on please and tell!
ملک یا ریاست کے انتظامات سنبھالنے میں حکومت اور اس کے نمائندے کیا کردار ادا کرتے ہیں؟
آئینِ پاکستان 1973
Do you want to know more?
پاکستان کا پہلا آئین 1956ء میں ملک کی آئین ساز اسمبلی نے منظور کیا تھا۔
Let's do something new!
اساتذہ کے ساتھ مل کر اپنے سکول کا نظم و نسق چلانے کے لیے چند بنیادی اصول وضع کریں۔ بعد ازاں ان اصولوں کو ایک مسودے کی شکل میں ترتیب دیں۔ ان بنیادی اصولوں کا مسودہ سکول اسمبلی میں پیش کریں تاکہ دیگر جماعتوں کے طلبہ بھی ان اصولوں پر عمل پیرا ہو سکیں۔
شہریوں کے حقوق اور ذمہ داریاں (فرائض)
(Rights and Responsibilities of Citizens)
1973ء کے آئین کے مطابق پاکستان کے شہریوں کے حقوق اور ذمہ داریاں درج ذیل ہیں:
حقوق (Rights)
- زندگی، آزادی اور تحفظ کا حق
- مذہبی آزادی
- برابری اور انصاف کا حق
- زندگی کی بنیادی سہولتوں کا حق
- تعلیم اور علاج معالجے کا حق
- اپنی رائے دینے کی آزادی کا حق
- ووٹ کا حق
- تعلیم کا حق
- اظہار رائے کا حق
ذمہ داریاں (فرائض) (Responsibilities)
- ملک سے وفادار اور محب وطن ہوں۔
- دوسروں کے حقوق کا خیال رکھیں۔
- قوانین کی پابندی اور احترام کریں۔
- وقت پر ٹیکس ادا کریں۔
- اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں۔
- اپنے علم و ہنر کا فائدہ ملک و قوم کو پہنچائیں۔
- زیبرا کراسنگ
- ڈاکٹر کی ذمہ داری: مریض دیکھنا
میں نے سیکھا ہے! (I have learnt!)
- ایک مخصوص علاقہ جو انسانی آبادی پر مشتمل ہو، جہاں ایک ایسی حکومت قائم ہو جو بیرونی دباؤ سے آزاد ہو اور جس کا اپنا اقتدارِ اعلیٰ ہو، ریاست (State) کہلاتا ہے۔
- حکومت (Government) سے مراد منتخب لوگوں کا ایسا گروہ یا پارٹی ہے جس کے پاس کسی ملک یا ریاست کے انتظامات سنبھالنے کے قانونی اختیارات ہوں۔
- کسی بھی ریاست یا ملک کا نظم و نسق چلانے کے لیے بنیادی اصول و ضوابط کا ایک مجموعہ ترتیب دیا جاتا ہے، جسے آئین (Constitution) کہتے ہیں۔ یہ اصول و ضوابط حکومتی انتظام چلانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ملک کے تمام قوانین آئین کی روشنی میں مرتب کیے جاتے ہیں۔
- پاکستان میں اس وقت 1973ء کا آئین نافذ ہے۔
Comments
Post a Comment